کاروار:15؍نومبر (ایس او نیوز)رجسٹریشن اینڈ اسٹامپ محکمہ کے عوامی معاون منصوبے ’’کاویری آن لائن خدمات ‘‘ کا 16نومبر بروز جمعہ کو بنگلور میں باقاعدگی کے ساتھ افتتاح ہوگا۔ اس بات کا اعلان ضلع اُترکنڑا کے نگراں کاروزیر اور وزیر برائے تحصیل آر وی دیش پانڈے نے کیا۔
وزیر موصوف نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے جانکاری دی ہے کہ 16نومبر جمعہ کی صبح 10بجے ودھان سودھا ہال میں منعقد ہونے والے پروگرام میں وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کاویر ی آن لائن خدمات کو عوام کے حوالے کریں گے۔ کاویری آن لائن خدمات کے ذریعےجائیداد کی رجسٹریشن اور اس کے متعلق دیگر خدمات عوام کو بآسانی دستیاب رہیں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انٹرنیٹ کے ذریعے دئیے گئے سہولیات سے استفادہ کریں۔
پریس ریلیز میں کہاگیا ہے کاویری آن لائن خدمات کا افتتاح 12نومبر کو ہونے والا تھا مگر بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر 16نومبر کواس کا افتتاح کیا جارہاہے۔